استقبال کاقائل نہیں،نوازشریف کے عدالتی معاملات کلیئرکرانا ضروری،خاقان

لندن : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے لندن میں پارٹی رہنما شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد کی وطن واپسی کی مشاورت میں شامل نہیں تھا۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے لیکن میں استقبال کا قائل نہیں ہوں۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پارٹی کے کسی لیڈر پر میرے کوئی تحفظات نہیں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد سے ملاقات میں ملکی امور پر گفتگو ہوئی، انصاف کا تقاضا ہے نواز شریف سے زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔