اسلام آباد(اُمت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرگمشدگی کیس کی سماعت آج راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کیس کی اِن کیمرہ سماعت اسپیشل سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کریں گے۔
سائفر کیس کی اڈیالہ جیل مین سماعت کے لیے وزارت قانون نے این او سی جاری کیا ہے۔
ایف آئی اے ٹیم اور اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارعباسی کے علاوہ عمران خان اور شاہ محمود کے وکلاء پیش ہوں گے جہاں انہیں چالان کی کاپیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
ایف آئی اے سائفر کیس کا چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جمع کروا چکی ہے جس میں عمران خان اور شاہ محمود دونوں کوقصور وارٹھہرایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے 12 وکلاء کو اڈیالہ جیل میں داخلےکی اجازت ملی ہے، جن میں بیرسٹرسلمان صفدر، سردارلطیف کھوسہ، راجہ یاسر، نعیم حیدر پنجوتھا، بیرسٹرعمیرخان نیازی، چوہدری خالد یوسف، نیازاللہ خان نیازی، رائے محمد علی، لال عمر بودھلا، جواد اصغر اور علی اعجاز بٹر شامل ہیں۔۔
آج کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی اڈیالہ منتقلی سے قبل سائفر کیس کی تین سماعتیں ڈسٹرکٹ جیل اٹک جیل میں ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر گمشدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کا فیصلہ دے رکھا ہے۔