راولپنڈی(اُمت نیوز)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت میں سائفر کیس کی پہلی سماعت آج ہو رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کیس کی سماعت اسپیشل سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کریں گے۔
اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے لیے وزارت قانون نے این او سی جاری کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے وکلا اڈیالہ جیل میں پیش ہوں گے۔
ایف آئی اے کی ٹیم اور اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی بھی سماعت کے موقع پر موجود ہوں گے، آج چالان کی کاپیاں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلاء کو فراہم کی جائیں گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور اڈیالہ جیل میں اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی سمیت 12 وکلا کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے جن میں بیرسٹر سلمان صفدر، سردار لطیف کھوسہ، راجہ یاسر، نعیم حیدر پنجوتھا، بیرسٹر عمیر خان نیازی، چوہدری خالد یوسف، نیاز اللہ خان نیازی، رائے محمد علی، لال عمر بودھلا، جواد اصغر اور علی اعجاز بٹر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سائفر کیس کی اس سے قبل تین سماعتیں اٹک جیل میں ہو چکی ہیں، ایف آئی اے سائفر کیس کا چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جمع کروا چکی ہے۔