نئی دہلی(اُمت نیوز) بھارتی ریاست سکم میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ڈیم ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلے نے فوجی کیمپ میں داخل ہوکر تباہی مچادی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ ریاست سکم میں بادل پھٹنے (Cloud Burst) سے ہونے والی تباہ کن بارش میں ڈیم ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلا چین کی سرحد کے نزدیک فوجی کیمپ سے ٹکرا گیا۔
بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ سیلابی ریلے سے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور 23 اہلکار لاپتا ہوگئے جن کا اب تک سراغ نہیں مل سکا۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ گوہاٹی میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی فوج کے اہلکار سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
سیلابی ریلے میں گاڑیاں اور کئی سڑکیں تک بہہ گئی ہیں اور پورے علاقے میں بجلی منقطع ہوگئی۔ ریاستی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاہم خراب موسم کے باعث اکثر علاقوں میں امدادی کام کا آغاز نہ ہوسکا۔