شیخوپور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 21اکتوبر کو پاکستان واپسی کے سلسلہ میں استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس مقامی شادی ہال میں ہوا جس کی صدارت سابق وفاقی وزیر مرکزی نائب صدر میاں جاوید لطیف نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا 9 مئی کو ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو سیاستدانوں کے روپ میں دیکھنا وطن عزیز کے ساتھ بڑا ظلم ہوگا ان کو صرف دہشت گردوں کے روپ میں دیکھا جائے گا ۔
2013ء میں پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور ہر طرف دہشت گردی تھی نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ نے پاکستان کو خوشحال بنایا اور ان شاء اﷲ اب پھر قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نواز شریف ہی نجات دلائیں گے۔ 21 اکتوبر سے قبل ایک ہفتہ کے دوران شیخوپورہ کی تمام وارڈوں میں جلسے ہوں گے اور شیخوپورہ کے کارکن موٹرسائیکلوں پر بھی 21 اکتوبر کو لاہور جائیں گے۔ نواز شریف قوم کے لیے آخری امید کی کرن کی حیثیت رکھتے ہیں جن کے وطن آنے سے ملک خوشحال اور جمہوری ادارے مستحکم ہوں گے۔ اجلاس میں پی پی 140کے امیدوارمیاں امجد لطیف، پی پی 141کے امیدوار پیر سید سجاد حسین شاہ، پی پی 142کے امیدوار ملک اشتیاق احمد ڈوگر، مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں ذیشان پرویز، جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال اور مقامی عہدیداران نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں اوکاڑہ میں سابق ممبر قومی اسمبلی چودھری ریاض الحق کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا 2024ء کے الیکشن میں کوئی نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش نہ کرے کسی بھی سیاسی جماعت کو الیکشن سے آؤٹ نہیں دیکھنا چاہتے۔ اﷲ تعالی کی ذات کے بعد صرف نواز شریف ہی ملک کو گرداب سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 21 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والا نواز شریف کا جلسہ ایک تاریخ رقم کرے گا ۔جاوید لطیف نے بعد ازاں مسلم لیگ کے ڈویژنل کنونشن سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا سابق ممبرا ن اسمبلی اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ نواز شریف کے جلسے کو تاریخی بنانے کے لیے اپنی جدوجہد تیز کریں اور عوام کی جلسہ میں بھرپور شرکت ہونی چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos