فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملکی استحکام کا راستہ پولنگ اسٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استحکام کا راستہ پولنگ اسٹیشن سے ہو کر گزرتا ہے۔ انتخابات سے قبل سردی، گرمی اور معیشت بہتربنانے کی باتیں کرنے والے نوشتہ دیوار پڑھ چکے اور شکست سے خائف ہیں۔ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے، الیکشن ڈیکوریشن نہیں، صاف اور شفاف ہوں۔نگران حکومت عوام کی بجائے آئی ایم ایف کی ترجمان بن چکی ہے۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو پالیسی معاملات میں فیصلہ سازی کا اختیار نہیں، ان کی طرف سے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ نگران سیٹ اپ قوم کی بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کی نگرانی کررہا ہے۔

قبل ازیں امیر جماعت نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت کی۔میٹنگ میں الیکشن تیاریوں، ملک کی مجموعی صورتحال زیربحث آئی۔ امیر جماعت نے صحافیوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 80فیصد امیدواران فائنل کرلیے ہیں۔ نائب امرا لیاقت بلوچ،میاں اسلم، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک پریس کانفرنس میں شریک تھے۔

ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی غریب آدمی کے مسائل پر جدوجہد کو جہاد فی سبیل اللہ سمجھتی ہے۔ ہم نے بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف احتجاجی تحریک کاآغاز کیاجبکہ حکمرانوں نے اپنی جائیدادیں اور کرپشن کیسز معاف کرانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا، جماعت اسلامی اس وقت واحد متبادل کے طور پر موجود ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔