احمد آباد: کرکٹ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلیے 283 رنز کا ہدف دیدیا، انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیوڈ ملان 14 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25 جبکہ معین علی 11، کپتان جوز بٹلر 43، لیام لیونگسٹن 20، کرس ووکس اور سیم کرن 11، 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
انگلش بیٹر جو روٹ نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ عادل راشد15اور مارک ووڈ13رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ وارم اپ میچ کے بعد اچھی تیاری کی ہے، کیسن ولیمسن صحت یاب ہو رہے ہیں، وہ اگلے میچز کھیلیں گے۔
اس موقع پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، بین اسٹوکس انجری کی وجہ سے میچ نہیں کھیلیں گے۔
نیوزی لینڈ کی گیارہ رکنی ٹیم میں ڈیون کانوے، ول ینگ، راچن راویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لتھام، گلین فلپ، مارک چیپمین، جیمز نشام، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم میں جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملان، جوئے روٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر، لیام لیونگ سٹون، موئن علی، سیم کیورن، کرس ووکس، عادل راشد اورمارک ووڈ شامل ہیں۔