لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر نے کہا ہے کہ تمام سازشی کردار انجام کو پہنچ چکے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نوازشریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے، 2013سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، جب نوازشریف کو حکومت سے نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی اور امن وسکون بھی نکل گیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کومذموم مقاصد کے لیے استعمال کیاگیا، آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں، اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، قائد نواز شریف نے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا۔