درخواستیں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں دائر کی جائینگی، فائل فوٹو
درخواستیں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں دائر کی جائینگی، فائل فوٹو

ن لیگی رہنماؤں کی نواز شریف کو وطن واپسی ملتوی کرنے کی تجویز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اندر موجود مفاہمتی پالیسی کا حامی گروپ نواز شریف کی وطن واپسی مؤخر کرانے کے لیے سرگرم ہوگیا اور اس نے نواز شریف کی واپسی کو فی الحال ملتوی کرنے کی تجویز دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق مفاہمتی گروپ نے اپنی تجویز نواز شریف تک پہنچا بھی دی ہے تاہم نواز شریف نے تجویز پر فوری طور پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مفاہمتی گروپ کا موقف ہے کہ فی الحال مہنگائی، بے روزگاری اور بے تحاشا یوٹیلیٹی بلز سے پریشان عوام کو نواز شریف کی وطن واپسی میں زیادہ دلچسپی نہیں ہے، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز لاہور میں عوامی رابطہ مہم شروع کر کے عوامی رائے بھانپ چکے ہیں اس لیے موجودہ حالات میں عوام کی جانب سے نواز شریف کے شایان شان استقبال کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا، عام انتخابات کے قریب یا باقاعدہ تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد نواز شریف وطن واپس آئیں تو زیادہ بہتر ہے۔