اسلام آباد: مارگلہ ٹاؤن میں قائم غیرقانونی افغان بستی مسمار

اسلام آباد:  سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مارگلہ ٹاؤن میں قائم غیرقانونی افغان بستی مسمار کردی۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف ایکشن تیز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مارگلہ ٹاؤن میں قائم غیر قانونی افغان بستی مسمار کردی۔

مسماری کےآپریشن میں ہیوی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرشدہ گھروں، دکانوں اور تھڑوں کو گرادیا گیا۔ آپریشن میں سی ڈی اے کو اسلام آباد پولیس کی معاونت بھی حاصل تھی، اس دوران غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی جنہیں پولیس نے منتشر کردیا۔سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مارگلہ ٹاؤن میں واقع گاؤں موہریاں موچی موہڑا میں عرصہ دراز سے افغان شہریوں نے قبضہ کر رکھا تھا۔