خارکیف: روس نے یوکرین کے مشرقی علاقے خارکیف پر میزائل حملہ کیا جس میں 49افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یوکرینی حکام نے بتایا کہ میزائل حملے میں کوپیانسک ضلع میں ایک شاپنگ اسٹور کو نشانہ بنایا گیا جہاں عوام خریداری کیلئے موجود تھے۔ اسٹور کی عمارت زمین بوس ہو گئی اور کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے جان بوجھ کر ایک عوامی شاپنگ aسٹور کو نشانہ بنایا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، امریکہ اور یورپی یونین نے روس کے میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثنایوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے روس کے 24ڈرون مار گرائے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ نےہتھیاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے یمن میں ضبط کئے گئے ایرانی ہتھیاریوکرین بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے انکشاف کیا کہ ایرانی گولہ بارود کی انتہائی بھاری مقدار یوکرین منتقل کی گئی ہے جو چند ماہ قبل یمن میں قبضے میں لی گئی تھی۔امریکی فوجی ذرائع کے مطابق اس طرح یوکرینی فوج میں اسلحے کی قلت کو دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکہ ان ہتھیاروں کی منتقلی کیلئےکس قانونی فریم ورک پر انحصار کرے گا۔امریکی انتطامیہ کئی مہینوں سے اس بات پر غور کر رہی تھی کہ حوثی باغیوں سے قبضے میں لئے گئےایرانی ہتھیار قانونی طور پر یوکرینی فورسز کو کیسے فراہم کئے جائیں۔