شام: فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملہ، 100افراد ہلاک

حمص:  شام کے شہر حمص میں فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملوں میں 54فوجی گریجوایٹس سمیت 100افراد ہلاک اور لگ بھگ 125 افراد زخمی ہو گئے۔ مبصر گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 14عام شہری بھی شامل ہیں۔شامی میڈیا کے مطابق اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ تقریب جاری تھی جس میں وزیر دفاع بھی شریک تھے، ان کے جانے کے چند منٹ بعد ہی دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرونز گرے اور زوردار دھماکے ہوئے۔تقریب میں فوجیوں کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔بعض زخمیوں نے بتایا کہ ڈرونز نے بم گرائے تھے۔

شامی وزارت فاع نے اپنے بیان میں بتایا کہ دہشت گرد گروپ نے حملے کیلئے ڈرونز کا استعمال کیا تاہم گروپ کا نام نہیں بتایا گیا۔کسی گروپ نے بھی فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔وزرائے دفاع و خارجہ نے پوری طاقت کے ساتھ حملے کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں امریکہ نے شمالی شام میں ترکی ایک ڈرون مار گرایا۔امریکی فوجی حکام نے بتایا کہ ڈرون کو ایف16طیارے نے نشانہ بنایا، ڈرون مسلح تھا اور امریکی فوجیوں کے قریبی علاقے میں پرواز کر رہا تھا جبکہ ترکی کی جانب سے پیشگی کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی تھی۔