کابل: قائم مقام وزیردفاع مُلا محمد یعقوب مجاہد نے افغان مہاجرین کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ”غیر منصفانہ“ فیصلہ قرار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملا محمد یعقوب مجاہد نے کابل میں پولیس اکیڈمی کی 14ویں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نگراں حکومت کے 31 اکتوبر تک افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ”غیر منصفانہ“ فیصلہ قرار دیا ہے۔
ملا محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ اس فیصلے سے افغانستان اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ملک میں افغان مہاجرین کے خلاف پُرتشدد کارروائیاں بند کریں۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افغان سرمایہ کاروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ سرمایہ کاری بند کریں اور اپنے اثاثے افغانستان کی خود کفالت کے لیے استعمال کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین آداب کے خلاف ہے۔