فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان کی ضمانت کی 3 درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد کی انسدادِدہشت گردی عدالت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی 3 درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک اور تھانہ بہارہ کہو میں 2 مقدمات درج ہیں، جنہیں عدالت نے سماعت کے لیے مقرر کرلیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین 16 اکتوبر کو ان درخوستوں پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر خارج شدہ ضمانت کی درخواستیں دوبارہ مقرر کی گئی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر اےٹی سی نے ضمانت کی تینوں درخواستیں خارج کردی تھیں۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 9 مئی، لانگ مارچ اور توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیسز میں ضمانتوں کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد طاہرعباس سِپرا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 6 درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے نوٹسز جاری کیے ہیں۔عدالت نے پراسیکیوشن اور پی ٹی آئی وکلاکو ہدایت کی ہے کہ 16 اکتوبر کو ان درخواستِوں پر دلائل دیے جائیں۔

عدالت نے ترنول، رمنا، کراچی کمپنی، سیکرٹریٹ اور کوہسار تھانوں کے تفتیشی افسران کو بھی ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔