واشنگٹن: امریکا سے خلا میں سفر کے لیے روانہ ہونے والوں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی خلاباز خاتون نمیرا سلیم بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خلائی مشن ’گیلیکٹک 04‘ کو گزشتہ روز خلا کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم خلائی جہاز کی جانچ پڑتال کے لیے ایک دن کے لیے مشن کو مؤخر کیا گیا تھا اور آج یہ روانہ ہوجائے گا۔
’گیلیکٹک 04‘ میں عملے کے 3 ارکان کے علاوہ خلا کے سفر پر جانے والے تین سیاح بھی ہوں گے جنھوں نے اس سفر کے لیے تگڑا کرایہ ادا کیا ہے۔ سیاحوں کو اس سفر کے لیے تربیت دی گئی ہے۔
خلائی مشن ’گیلیکٹک 04‘ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ورجن نے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تین سیاح خلانوردوں کا تعلق امریکا، برطانیہ اور پاکستان سے ہیں۔
پاکستانی خاتون نمرا سلیم کا خلاباز نمبر ’’019‘‘ ہے جنھوں نے اس سفر کے لیے ٹکٹ 17 برس قبل 2 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔ پاکستانی خاتون سیاح خلانورد کو 2011 میں حکومت پاکستان نے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔