اسلام آباد (اُمت نیوز) ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔
پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔
پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں تے کہا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لئے بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا، پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے، پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔
ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے۔
سابق نیول چیف نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی رہا، کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا رہا۔
بعدازاں ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔