غزہ سے فلسطینی جنگجو اسرائیلی میں گھس گئے، درجنوں راکٹ فائر

بیت المقدس : (اُمت نیوز  ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیل کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کے کمانڈر محمد الضیف ’ابو خالد‘ کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آپریشن ’طوفان الاقصیٰ میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل داغے جا رہے ہیں جبکہ اس کارروائی میں ایک خاتون ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ زمین پر آخری قبضے کو ختم کرنے کی سب سے بڑی جنگ کا دن ہے، 5 ہزار سے زائد راکٹ (اسرائیل کی جانب) داغ دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے غاصب (اسرائیل) کے تمام جرائم کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اُن کی بلا احتساب اشتعال انگیزی کا وقت ختم ہو گیا۔
ہفتے کی صبح 7 بجے غزہ کی پٹی سے اچانک لاتعداد راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد اسرائیل کے طول وعرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، غزہ کے مختلف علاقوں سے راکٹ باری کی آوازیں گونجتی رہیں۔


اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان ایوجا درعی نے ایک بیان میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملوں کے بعد جنگ کے لیے تیار رہنے کے لیے کہا تھا۔


عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے کی بھی منطوری دے دی ہے۔
حالیہ راکٹ باری غزہ کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مقبوضہ غرب اردن میں شدید لڑائی کے کئی ہفتوں بعد سامنے آئی ہے۔