کراچی : جوہر آباد تھانے کی حدود میں طالبات کے سامنے نازیبا حرکت کرنےو الا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند کے مطابق موٹر سائیکل پر فحش حرکات کرنے والے ملزم کو فیڈرل بی ایریا بلاک 15 کے نزدیک سے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت عدیل کے نام سے ہوئی ہے۔
خادم رند نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ملزم کی جیب سے منشیات ملی، ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی نے ملزم کی گرفتاری کیلیے ٹیم بنائی تھی، ملزم کے خلاف جوہر آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے جبکہ اس کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا جائے گا۔
چند روز قبل موٹر سائیکل سوار کی جانب سے یونیورسٹی طالبات کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزم یونیورسٹی جاتے ہوئے لڑکیوں کا تعاقب اور اشارے کر رہا تھا جس کے بعد واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں جوہر آباد تھانہ میں درج کیا گیا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ ویڈیو بنانے والی خاتون یا کسی مدعیہ نے اب تک پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا تاہم واقعہ کی ٹیکنیکل اور دیگر ذرائع سے انٹیروگیشن جاری ہے جلد ہی ذمہ دار کو گرفتار کرکے مثال بنایا جائے گا۔