شہبازشریف اور آصف علی زرداری کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

لاہور (اُمت نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے مسجد اقصیٰ اور مقدس مقامات پر اسرائیلی کارروائیوں کا ردعمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے، یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں پر مظالم کا خاتمہ ضروری ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو حق خود ارادیت سے محروم کر رہا ہے، معصوم فلسطینیوں پر ظلم بند ہونا چاہیے، مسئلہ فلسطین کو فوری حل کرنا ہوگا۔
علاوہ ازیں پی پی پی قیادت نے بھی فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ طویل عرصے سے فلسطینی عوام مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، عالمی منصف فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ہمدردیاں اور دعائیں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔