حیدرآباد دکن (اُمت نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ کے دوسرے میچ سے بھی باہر ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن انجری سے صحتیاب ہو رہے ہیں، انہیں فیلڈنگ میں اب بھی مشکل کا سامنا ہے، وہ تیسرے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔
گیری اسٹیڈ کے مطابق فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے اور وہ دوسرے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے جبکہ ٹم ساؤتھی نے بھی ٹریننگ سیشن میں حصہ لے کر باؤلنگ اور فیلڈنگ کی، میچ سے قبل ٹم ساؤتھی کا فائنل ایکسرے کیا جائیگا اور رپورٹ کے بعد ان کی میچ میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ہم حیدر آباد میں نیدر لینڈز کے خلاف میچ کی تیاری کر رہے ہیں، ٹریننگ سیشن کے بعد پلیئنگ الیون کو فائنل کریں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈز کے درمیان میچ کل حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔