رزمک : شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد عظیم اللہ عرف غازی مارا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، اس موقع پر ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد عظیم اللہ عرف غازی مارا گیا، جس سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد عظیم اللہ عرف غازی سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا جبکہ اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا ہے۔