فلسطینی بھائی انسانی حقوق کا احترام کریں،فضل الر حمن

اسلام آباد : فلسطین اسرائیل صورتحال پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کو صحیح سمجھا ہے،جے یو آئی تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے موقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے: مولانا فضل الرحمان نے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج بھی اپنے اس موقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں :فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور تاریخی معرکہ ہے: مولانا فضل الرحمان فلسطینی مجاہدین نے اپنے علاقوں کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑایا ہے، اس پر فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، دنیا سمجھ رہی تھی کہ مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا ہے ۔یہ موضوع دوبارہ زیر بحث نہیں ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی ، تازہ واقعے نے ثابت کیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا بلکہ اس کی اہمیت آسمانوں کو چھو رہی ہے، اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے،یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں بلکہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ۔مولانا فضل الرحمان نے اپیل کی ہے کہ فلسطینی بھائیوں سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کریں، بچوں ،عورتوں اور عام شہریوں کو گزند نہ پہنچائیں ۔ اقوام متحدہ اپنا فرض پورا کرے ،1967 کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے،بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرےاو آئی سی کا فوری اور بھرپور اجلاس طلب کیا جائے ۔ فلسطین کوتسلیم کئے بغیر اور انکا ملک ان کے حوالے کئے بغیر مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ علاوازیں مولانا فضل الرحمان نے آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا۔