لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،چیف سیکرٹری، سینئر ممبربورڈآف ریونیو،سیکرٹریز ہاؤسنگ، تعمیرات و مواصلات، آبپاشی، اوقاف، کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی نے منصوبوں پر ہونی والی پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، محسن نقوی نے عوامی سہولت کے پیش نظر تمام پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کا حکم دیا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ 83 اور نواز شریف انٹر چینج بیدیاں روڈ انڈرپاس پراجیکٹ 71 فیصد مکمل ہو چکا ہے، شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کی 90 فیصد تکمیل ہو چکی ہے، رواں ماہ پل ٹریفک کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔
اجلاس میں داتا دربار کے سامنے سڑک کی توسیع اور پیدل راستے کیلئے منصوبے کی جزئیات کا جائزہ لیا گیا، گڑھی شاہو چوک کی ری ماڈلنگ سے متعلق امورپر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی میں سی بی ڈی پراجیکٹ کے جلد آغاز کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل دی گئی ڈیڈ لائن پر یقینی بنائی جائے۔