راولپنڈی : بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں، جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا محاصرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران آپریشن کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے میجر اید علی رضا اور حوالدار نثار احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید 31 سالہ میجر اید علی رضا کا تعلق سرگودہا سے تھا جبکہ شہید 38 سالہ حوالدار نثار احمد وہاڑی کے رہائشی تھے، دونوں شہید نے بہادری اور جراتمندی سے دہشت گردوں کا سامنا کیا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسزز بہادر جوانوں کی مقروٖض ہیں اور ان کی جرات و شجاعت پر فخر محسوس کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔