اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جو سکیورٹی ملتی ہے، وہ دیں گے، نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر اہم سیاسی سرگرمی کی اجازت ہوگی جس میں نواز شریف بھی آتے ہیں، یہ مفروضوں پر بات ہوگی، عدالتیں طے کریں گی نواز شریف کا اسٹیٹس کیا ہے۔
علاوہ ازیں مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے۔