اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان میں مہنگائی، بیروزگاری اور سیاسی عدم استحکام کے باعث شہریوں میں بیرون ملک جانے کا رجحان بڑھ گیا، برین ڈرین کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 3 گنا بڑھ گئی ہے، رواں سال جنوری سے لے کر اگست تک تقریباً 5 لاکھ 40 ہزار 282 افراد بیرون ملک جا چکے ہیں جن میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 50 ہزار 52 ہے جبکہ 2 لاکھ 28 ہزار 849 ہنرمند افراد بھی دیار غیر جا بسے، تارکین وطن کی تعداد کے حوالے سے پاکستان ہمسایہ ممالک میں سرفہرست آگیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق سال 2023ء کے پہلے 6 ماہ میں 3 لاکھ 95 ہزار 166 افراد ملک سے ہجرت کر گئے، گزشتہ دنوں میں تارکین وطن کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 28 لاکھ 56 ہزار 519 تک جا پہنچی ہے جو مجموعی ملکی آبادی کا 5.14 فیصد بنتی ہے۔
پاکستان سے برین ڈرین کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا جسے روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ملکی اور قومی ترقی کا عمل برقرار رکھنے کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اور ماہرین کیلئے ملک میں روزگار کے دروازے کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔