افسران کومفت بجلی کے بدلے پیسے دینے کی سمری تیار

اسلام آباد(اُمت نیوز)مفت بجلی نہیں ملے گی، یونٹ کے حساب سے بجلی کمپنیوں کے افسروں کو پیسے دینے کی سمری تیار ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کی ہے کہ بجلی کمپنیوں کے افسروں کو مفت بجلی کی جگہ مالی سہولت دینے کی تیاری کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 17سے گریڈ 21 کے افسروں کو ماہانہ مفت یونٹوں کی فراہمی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی جانب سے پاور ڈویژن کی سمری پر آئندہ اجلاس میں منظوری دینے کا امکان ہے۔

مفت یونٹوں کی سہولت ختم کرنے سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد بچت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 17کے افسر کوماہانہ 450مفت یونٹوں کے بجائے 15ہزار 858روپے، گریڈ18 کے افسر کو 600 مفت یونٹوں کی جگہ 21ہزار996 روپے اور گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹوں کے بجائے37ہزار594 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے افسر کوماہانہ 1100 مفت یونٹوں کے بجائے 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21 کے افسر کوماہانہ 1300 مفت یونٹوں کی جگہ 55ہزار536 روپے دینے کی سفارش دی گئی ہے۔

جنریشن کمپنی کے گریڈ 17کے افسر کو 24ہزار 570 روپے، گریڈ 18کے افسر کو مفت یونٹوں کے بجائے 26ہزار460 روپے اور گریڈ 19کے افسر کو 42 ہزار 720 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔