امریکا (اُمت نیوز)امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا اورغزہ کے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے بارے میں بات کررہا ہے۔
جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں اور پارٹنرز کے ساتھ مستقبل کے ممکنہ منظرناموں پر مشاورت کر رہے ہیں، کوئی یہ نہ سمجھے کہ امریکی فوج کا کیریئر اسٹرائیک گروپ حماس کے لیے بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منتقلی ان ریاستوں یا غیر ریاستی عناصر کے لیے پیغام ہے جو اس جنگ کو وسیع کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ امریکا نے ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔
منگل کو جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا اسرائیل اور مصر کے ساتھ غزہ کے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے بارے میں بات کررہا ہے۔
جیک سلیوان نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ اس پر مشاورت جاری ہے لیکن اس کی تفصیلات میں اس وقت عوامی طور پر شیئر نہیں کرنا چاہتا۔
پریس بریفنگ میں غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر جیک سلیوان نے امریکا اور اسرائیل کے بارے میں کہا کہ ہم جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتے ہیں کہ ہماری فوجی کارروائیاں جنگی قانون کے مطابق کی جائیں۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز سے اسرائیلی فضائی حملوں میں 900 فلسطینی ہلاک اور 4,600 زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو میزائل انٹرسیپٹرز فراہم کرنے اور فوجی امداد میں اضافے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔