حیدر آباد دکن (اُمت نیوز) ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف ریکارڈ 345 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے جیت کا کریڈٹ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی اننگز کو دے دیا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 8 ویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر عالمی ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، میچ میں محمد رضوان نے 131 اور عبداللہ شفیق نے 113 رنز کی شاندر اننگز کھیلی ہیں۔
پاکستان نے اہم میچ میں محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 48.2 اوورز میں بآسانی حاصل کیا، دونوں کی شاندار بلے بازی پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے اچھی پارٹنر شپ لگا کر سری لنکن ٹیم پر پریشر بنائے رکھا، ہم نے پہلے 30 اوورز میں اچھی باؤلنگ نہیں کی مگر ہمارے فاسٹ باؤلرز نے آخری اوورز میں اچھا کم بیک کیا اور سری لنکا بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔