اسلام آباد(اُمت نیوز)قانونی دستاویزات رکھنے والے افغانیوں کوعارضی طور پر پاکستان میں رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین کوتحفظ حاصل ہوگا۔
پاکستان سے غیر قانونی غیرملکیوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، تاہم قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان باشندوں کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں، کیوں کہ دستاویزات رکھنے والے افغانوں کو عارضی طور پر پاکستان میں رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر یا اے سی سی کارڈز کے حامل افغان مہاجرین پاکستان میں رہ سکتے ہیں، قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین کوتحفظ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے آئندہ فیصلے تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین عارضی طورپرقیام کرسکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو یکم نومبر 2023 تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔