پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کیلئے بھارتی ہائی کمیشن کے رابطے

لاہور(اُمت نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی کوششیں رنگ لے آئیں۔
پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کے لیے بھارتی ہائی کمیشن نے رابطے شروع کر دیے، ورلڈکپ کا 5اکتوبر سے آغاز ہوچکا،
پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد آن لائن ٹکٹ بک کرواچکی، میڈیا کے نمائندوں کی ایکریڈیٹیشن کا عمل بھی مکمل ہوا مگر ویزوں کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کرتے ہوئے ہوسٹ ایگریمنٹ کی یاددہانی کرائی تھی جس کے تحت ویزوں کا اجرا ممکن بنانا میزبان ملک کی ذمے داری ہے۔
پیر کے روز پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سے رابطہ کرتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے معاملہ بھارتی وزارت داخلہ کے سامنے رکھنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،بھارتی ہائی کمیشن کے جانب سے ویزے کے خواہش مندوں سے رابطے شروع ہوگئے ہیں اور ان کو پاسپورٹ جمع کروانے کیلیے کہا گیا ہے۔