اسلام آباد ہائیکورٹ نے صداقت عباسی کی بازیابی سےمتعلق درخواست نمٹا دی

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے صداقت عباسی کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی، دوران سماعت وکیل بابر اعوان بولے مرد حریت کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے بندہ بازیاب کروا دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے زوردارقہقہہ لگاتے ہوئے کہا آپ نے ایک لائن میں پوری بات کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے سابق ایم این اے صداقت عباسی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل ، وزارت داخلہ ،پولیس حکام اور درخواست گزارکے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے بابراعوان سے مکالمہ کرتےہوئے پوچھاکہ ڈاکٹر صاحب بندہ واپس آگیا ہے۔
وکیل بابراعوان بولے میں اس مرد حریت کوسلام پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے بندہ بازیاب کروا دیا۔
بابراعوان کی بات پرچیف جسٹس عامر فاروق نے زوردار قہقہہ لگایا اور ریمرکس دیے آپ نے ایک لائن میں پوری بات کردی پھرتوکیسں نمٹا دیتے ہیں۔
عدالت نے صداقت عباسی کی بازیابی کے بعد درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے صداقت عباسی کچھ عرصے سے منظرِعام سے غائب تھے، ان کی بازیابی کے لئے تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، تاہم سابق ایم این اے 6 اکتوبر کو اچانک اپنے گھر پہنچ گئے۔