کوئٹہ: نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ تیل اسمگل کرنے والوں کو 10 دن کی مہلت دی جائے گی، 10 دن بعد ان کی کشتیوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جائے گا۔
کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کےاجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کوچھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، بلوچستان کوکرپشن سے پاک صوبہ بنائیں گے، کرپشن دہشت گردی سےبھی خطرناک ہے، کرپشن کاخاتمہ نہ کیا تو بہت زیادہ نقصان ہوگا، سرکاری زمین بیچنےوالوں کےکیسزنیب کےحوالےکیےجائیں گے۔
جان اچکزئی نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کریک ڈاؤن سےبجلی چوری میں کمی ہوئی ہے، تیل اسمگل کرنے والوں کو 10 دن کی مہلت دی جائے گی، 10 دن بعد اسمگلرز کی کشتیوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جائے گا۔
نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے بارڈرز پر سیکیورٹی سخت کی جائے گی، کوسٹل ہائی وے سے کراچی کو سپلائی بند کی جائے گی۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کیخلاف کارروائی جاری ہے، دستاویزرکھنےوالے افراد کوتنگ نہیں کیا جائے گا، 84 مدارس میں 8 ہزار 500 طلباء ہیں جن کا انتظام افغان شہری کرتے ہیں، ان مدارس کا کنٹرول پاکستان شہریوں کے حوالے کیا جائے گا، نان اسٹیٹ ایکٹرز کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔