اسلام آباد: سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایکٹ کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اتفاق رائے ہوگیا تو ابھی فیصلہ سنا دیں گے اور اتفاق رائے نہ ہوا تو محفوظ فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا تاہم بینچ نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو ساڑھے پانچ بجے سنائے جانے کا کہا گیا تھا تاہم ابھی تک نہیں سنایا گیا۔
بعدازاں ساڑھے چھ بجے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ سنادیا، چیف جسٹس نے انگریزی میں فیصلہ سنایا جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف دائر تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اسے قانونی قرار دے دیا گیا۔ فیصلہ دس پانچ کے تناسب سے دیا گیا جس میں دس ججز نے درخواستوں کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ پانچ ججز نے اختلافی نوٹ دیا۔