لاہور: اسپیشل جج انٹی کرپشن ساہیوال آصف بشیر نے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی کے پہلے گرفتار شوہر خاور مانیکا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی،ان کے بیٹے موسی مانیکا کی عبوری ضمانت عدالت میں ھاضر نہ ہونے کی بنا پر خارج کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عسکری ٹاور اور جناح ہائوس حملہ کیسوں میں سوشل ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی ضمانت کی 2 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا،عدالت نے ریمارکس دیئے احتجاج کرنا ہماری سوسائٹی کا کلچر ہے،اتنی باریک بینی میں نہ جائیں کہ کل آپ کو مشکل ہو، احتجاج کرنے سے تو آپ کسی کو روک نہیں روک سکتے۔لاہور ہائیکورٹ نےفرح شہزادی کے بچوں کے نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی بازیابی کی درخواست پر پولیس سے 16اکتوبر کو دوبارہ رپورٹ طلب کرلی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جناح ہائوس مقدمہ میں گرفتار روحینہ خان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے حامد زمان کی ضمانت منسوخی کیلئے وفاقی حکومت کی اپیل پر حامد زمان کو طلبی نوٹس جاری کر دیئے۔لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ 9 مئی واقعات میں ملوث سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔