کراچی : معروف عالم دین اور اسکالر مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ عالم اسلام متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کو ہر قسم کی مدد پہنچائیں۔ مفتی تقی عثمانی نے اسرائیل اور فلسطین میں جاری جنگ کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھا کہ ’حماس کے جانباز مجاہدین تاریخ کا منفرد معرکہ سر کررہے ہیں اور اسرائیل کی طرف سے غزہ کی شہری آبادیوں پر وحشیانہ بمباری ہورہی ہے۔‘
مفتی تقی عثمانی نے لکھا ’یہ ایسا موقع ہے جس میں عالم اسلام کا فرض بنتا ہے کہ وہ متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کو ہر قسم کی مدد پہنچائیں تاکہ فلسطین کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے انصاف کے ساتھ حل ہو‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز بھی شئیر کی جس میں فلسطین کے مسلمانوں سے ہر ممکن تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی اس مسئلہ کا واحد حل ہے، دنیا میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے عالمی برادری فلسطین کا مسئلہ حل کروائے۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلمان حکمران فلسطین کے بارے میں مشترکہ حکمت عملی طے کریں اور پوری قوم فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دے اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرے۔
قائدین وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے کہا کہ موجودہ دور میں ظلم وستم اور جبر کے ذریعے نہ کسی کو غلام بنایا جا سکتا ہے اور نہ کسی سرزمین پر قبضہ کیا جا سکتا ہے اس لیے فی الفور مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کا اعلان کیا جائے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی ، نائب صدر مولانا انوارالحق ، ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں عالم اسلام سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ہر طرح سے تعاون کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں اور مسلم معاشروں پر اپنے اپنے دائرہ کار کے حساب سے ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، تمام مسلمانوں کو فلسطین کے معاملے میں اپنا بھر پور اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔