میانوالی:میانوالی کے نواحی علاقے واں بھچراں کے قریب لوک گلوکار شرافت علی تری خیلوی اور ان کی ٹیم کی گاڑی کو حادثہ تیز رفتار لینڈ کروزر نہر میں گر گئی حادثے میں شرافت سمیت 7 افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ لوک گلوکار شرافت علی تری خیلوی ان کے بھائ سنگر انوار علی تری خیلوی ان کے دو کزن اور تین ساتھی علاقہ چھدرو سے رات کو ایک محفل موسیقی کا فنکشن ختم کر کے واپس میانوالی آرہے تھے کہ انکی تیز رفتار لینڈ کروزر گاڑی علاقہ پکہ گھنجیرہ واں بھچراں کے قریب مہاجر برانچ نہر کے پل کے کمزور سے پشتے کو توڑ کر گہرے پانی میں جا گری جس سے شرافت علی خان ان کے بھائ سنگر انوار خان دو کزن اور تین ساتھی بھی پانی میں ڈوب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔
گاڑی کے نہر میں گرنے کے شور کی اطلاع پر قریبی مساجد میں اعلانات کروائے گئے میانوالی سے ریسکیو 1122 اہلکار اور واں بھچراں تھانہ کی مقامی پولیس بھی موقعہ پر پہنچ گئی اور کافی تگ و دو کے بعد ریسکیو کے غوطہ خوروں نے تمام 7 نعشیں نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیں مرنے والے 7 افراد میں شرافت علی خان ، انوار علی خان ، نجف علی خان ، مقدر خان ، طاہر عباس ، ملک اشفاق اور مینیجر عامر علی خان شامل تھے حادثے کی اطلاع پر میانوالی میں سنگر شرافت علی انوار علی اور ساتھیوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور لوگ جوق درجوق ان کے گھر پہنچ گئے۔
بعد ازاں شرافت علی ، انوار علی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ بلو خیل روڈ میانوالی میں ادا کی گئی پہلے شرافت علی کی نماز جنازہ ادا کی گئی بعد میں الگ الگ چار افراد کی جنازہ ادا کی گئی اور ایک مرحوم ساتھی عامر خان کی نماز جنازہ کندیاں میں ادا کر دی گئی اور سب کو انکے آبائی قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا میانوالی میں نماز جنازہ میں عوامی وسماجی حلقوں سیاستدانوں گلوکاروں صحافیوں اور دوست احباب رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos