اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد فلسطینیوں کیلئے نکل آئے۔ مختلف شہر اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعروں سے گونج اٹھے۔ ملاکنڈ میں لیویز نے کارکنوں کو احتجاج کرنے سے روک دیا۔ لیویز نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر جے یو آئی ایف کے ضلعی جنرل سیکریٹری سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لیے لیا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اردن میں لاکھوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
لاہور میں پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمو داشرفی نے جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملہ پر اب فیصلہ کن مرحلہ آ گیا ہے ۔ امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے ۔ مسلم حکمرانوں کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والے مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب ، قطر، ترکی ، ایران ، کویت ، مصر اور اردن کی قیادت کی کوششوں اور مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو بطور او آئی سی کے سربراہ کے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین و کشمیر کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین کانفرنس ہو گی۔
آج شہر قائد میں مختلف جماعتوں نے اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کیا۔ جماعت اسلامی نے لیاری میں لبیک یا اقصیٰ ریلی نکالی۔ تحریک انصاف نے مزار قائد پر مظاہرہ کیا۔ تحریک لبیک نے نمائش چورنگی سے تبت سینٹر اور جے یو آئی نے جامع مسجد گلزار مدینہ مظفر آباد کالونی لانڈھی سے ریلی کا انعقاد کیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ قبلہ اول کی حفاظت کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ پورا عالم کفر اسرائیل کیساتھ کھڑا ہوسکتا یے تو امت مسلمہ کیوں چپ بیٹھی ہے۔ راولپنڈی میں جمعیت علمائے اسلام نے ریلی نکالی جس کی قیادت مولانا عبدالغفور حیدری نے کی۔
مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علما کونسل نے بھی صیہونی جارحیت کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر خواتین نے مظاہرہ کیا۔ پشاور میں سیاسی و سماجی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں۔۔ جس میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے فلسطینیوں پر مظالم بند کرو کے نعرے لگائے۔
کوئٹہ میں جے یو آئی، پی ٹی آئی سمیت مختلف جماعتوں ںے پریس کلب کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ملتان میں نماز جمعہ کے بعد شہری صیہونی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔ سکھر زیارت، سبی، لنڈی کوتل، کرک، کوٹلی آزاد کشمیر، بھمبر، وادی نیلم سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔
دوسری جانب دنیا بھرمیں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں۔ فرانس کےدارالحکومت پیرس میں اسرائیلی بربریت کےخلاف بڑا مظاہرہ کیاگیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر شیلنگ کی۔اس کارروائی میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی احتجاج کیا گیا جبکہ جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ اورکیپ ٹاؤن میں اسرائیلی حملوں کےخلاف ریلیاں نکلیں۔ آسٹریا اور اردن میں بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ککیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام فلسطین کے مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمعہ کا دن فلسطین کے مظلومین سے عہد وفا کا دن ہے، اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھانا اخلاقی و انسانی فریضہ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos