امام کعبہ فلسطینیوں کیلئے دعا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

مکہ مکرمہ : مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز سے قبل لاکھوں زائرین نے فلسطین کے لیے دعائیں کیں۔عرب میڈیا کے مطابق امامِ حرم شیخ اسامہ خیاط فلسطینیوں کے لیے دعا کرتے ہوئے رو دئیے۔امام کعبہ نے نماز جمعہ کے بعد دعا کی کہ اے اﷲ مسجد اقصیٰ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو آزادی عطا فرما، فلسطین میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کراور ان کا حامی و مددگار ہو۔اس کے علاوہ سعودی عرب کی تمام مساجد میں بھی فلسطینیوں کے حق میں دعائیں کی گئیں۔

امام کعبہ کی فلسطینیوں کی نصرت کے لیے کرائی گئی دعا نے لاکھوں زائرین کو رلا دیا۔ صحن خانہ کعبہ آمین سے گونج اْٹھا۔شیخ اسامہ خیاط نے دعا کرائی کہ اے اﷲ مسجد اقصیٰ کی حفاظت فرما۔ اے اﷲ فلسطین کے مسلمانوں کی حفاظت فرما۔ اے اﷲ ان کی سامنے سے، پیچھے سے اور دائیں بائیں سے حفاظت فرما۔اے اﷲ تو فلسطینیوں کا حامی، مددگار، محافظ اور وکیل بن جا اور ان کا بھی جو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کر رہے ہیں۔