احمد آباد: کرکٹ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا ۔پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے پِچ اور موسم کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی سٹیڈیم کی پِچ پر بیٹرز حاوی ہوں گےجبکہ احمد آباد میں میچ کے آغاز میں فاسٹ بائولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی جبکہ مڈل اوورز میں سپنرز کو مدد ملنے کی امید ہے تاہم مجموعی طور پر بیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں آسانی ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کو موسم گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، کل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ماضی میں جو ہو گیا اس پر توجہ نہیں، جو حال ہے اس پر توجہ ہے۔پاک بھارت میچ سے ایک دن پہلے احمد آباد میں پری میچ پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ کل کے میچ میں اچھی پرفارمنس دیں۔ان کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے، شاہین آفریدی پر یقین ہے کہ وہ بڑے میچ کا بائولرہے۔ ہر شہر کی طرح یہاں بھی کنڈیشنز مختلف ہیں، جہاں زیادہ وقت گزرتا ہے وہاں کی کنڈیشنز کو جاننے میں مدد ملتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے تو فیلڈنگ بہتر ہونی چاہیے، کھلاڑیوں پر بڑے اسٹیڈیم کا دباؤ نہیں، مجھے امید ہے حیدرآباد کی طرح یہاں بھی مداحوں کی سپورٹ ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بائولرز کے پاس مارجن کم ہے، بولرز کو کہا ہے لینتھ پر قابو رکھیں، بھارت کیخلاف کیسے جیتنا ہے اس کی پلاننگ کر لی ہے۔