برطانیہ: پابندی کے باجود فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں

برطانیہ(اُمت نیوز) فلسطینی پرچم پر عائد پابندی کے باجود ہزاروں شہری فلسطینی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔
برطانوی کے دارالحکومت لندن اور دیگر شہروں میں فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہزاروں لوگوں نے ریلیاں نکالیں جہاں پولیس نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے ’حماس‘ کیلئے حمایت ظاہر کی تو اسے گرفتاری کا سامنا کرنا ہوگا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے فلسطین کے حق میں برطانوی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ شمالی انگلینڈ میں مانچسٹر، اسکاٹ لینڈ میں ایڈنبرا اور دیگر شہروں میں مارچ کیا جہاں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔
لندن میں مظاہرین برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے ہیڈکوارٹر کے سامنے جمع ہوگئے جس کے بعد برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک کے دفتر کے قریب ریلی نکالی گئی۔


مظاہرین میں سے چند کے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے تھے اور متعدد کے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی تھے جن پر لکھا تھا ’فریڈم فار فلسطین‘ (فلسطین آزادی چاہتا ہے)، ’قتل عام بند کیا جائے‘ اور ’اسرائیل پر پابندیاں‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
مظاہرین نے ’’رشی سونک شرم کرو‘‘ سویلا بریورمین شرم کرو کے نعرے بھی لگائے۔ لیورپول، برسٹل، گلاسگو اور نیو کیسل میں بھی ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں احتجاج کیا جس میں ہر عمر کے مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔
فرینڈز آف الاقصی مہم کے چیئرمین اسمٰعیل پٹیل نے دارالحکومت میں ہونے والے مظاہرے میں کہا کہ میرا خیال ہے کہ صرف برطانیہ میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام انصاف پسند لوگوں کو کھڑے ہو کر اس پاگل پن کے خاتمے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
چیئرمین اسمٰعیل پٹیل نے کہا کہ ورنہ اگلے چند دنوں میں ہم تباہی کو سامنے آتے دیکھیں گے۔