تربت میں 6 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا

بلوچستان(اُمت نیوز)بلوچستان کے ضلع تربت میں 6 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تربت میں فائرنگ سے 6 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مکران میں درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ نیاز نامی مزدور کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔
درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں ضلع تربت کی تحصیل کیچ کےعلاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے رات کے وقت ٹھیکیدار کے گھر میں سوئے ہوئے 6 مزدوروں کو قتل کردیا۔
واقعے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے ایس پی پولیس تربت کو معطل کردیا تھا۔
بلوچستان میں قومی شاہراہیں بلاک کرنے، ریڈزون میں دھرنے دینے پر پابندی
دوسری جانب بلوچستان میں قومی شاہراہیں بلاک کرنے اور ریڈزون میں دھرنے دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پابندی دفعہ 144کے تحت عائد کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں جلسے جلوس کرنے اور 5 یا 5 سے زائد افراد کے دھرنا دینے پر پابندی ہوگی۔