سعودی عرب کے 6 اسکولوں میں وائرس انفیکشن کے باعث کلاسیں معطل

سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی عرب کے 6 اسکولوں میں وائرس انفیکشن کے باعث کلاسیں معطل کرکے تدریس آن لائن شروع کی گئی۔ تاہم اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے پہلے جراثیم سے پاک کیا جارہا ہے۔

شمالی خرمہ کے علاقے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کے طلباء اور اساتذہ میں سیزنل فلو وائرل انفیکشن پھیلنے کے بارے میں الرٹ جاری کیا گیا۔

جس کے بعد القاسم کے علاقے المثنب کے محکمہ تعلیم نے منگل سے مذکورہ اسکولوں کی معطلی کا حکم دیا تھا۔

انفیکشن کے پہلے دن تقریبا 140 کیسز رپورٹ ہوئے اور اگلے دن 70 دیگر کیسز رپورٹ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق طلباء اور اساتذہ سمیت انفیکشن کے مجموعی طور پر 300 کیسز سامنے آئے۔

وسطی سعودی عرب میں تعلیمی حکام نے وائرس انفیکشن کے کیسز سامنے آنے کے بعد چھ اسکولوں میں کلاسوں کو تین دن کے لیے معطل کرنے اور آن لائن تدریس پر منتقلی کا حکم دیا۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اسکولوں کو متاثر کرنے والا وائرس موسمی ہے ۔ انفیکشن میں اضافے کے بعد تدریس کا عمل آن لائن کی طرف منتقل کیا گیا۔ تاہم یہ انفیکشن موسمی ہے لیکن تشویشناک نہیں ہے۔