اسلام آباد (اُمت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ کی وجہ سے سائفر کیس کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی استثنیٰ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 کا اطلاق نہ ہونے کی وجہ سے مقدمہ کے اخراج کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے دو صفحات پر مشتمل آرڈر جاری کیا۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ کورٹ کو بتایا گیا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی سیکشن 5 کا اطلاق نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی کو آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔
تحریری حکم کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کی بھی استدعا کی جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو 16 اکتوبر کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
مقدمہ کے اخراج اور ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت 16 اکتوبر کو ہوگی۔