نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈکپ کے 13ویں میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کیلیے285رنز کا ہدف دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49.5 اوورز میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، افغان اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 114 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، تاہم ابراہیم زادران 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محض 8 رنز کے اضافے سے افغان بیٹرز نے 2 وکٹیں مزید گنوائیں، رحمت شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 14، عظمت اللہ عمرزئی 19، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمن 28 رنز بناسکے۔
افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش بالرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 58 گیندوں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 جبکہ اکرام علی خیل نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلیںڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلینڈ نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا،انگلش کپتان جوزبٹلر کا کہنا ہےکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کوشش ہے اپنے کھیل میں بہتری لاتے رہیں۔
افغان کپتان کرکٹ ٹیم حشمت اللہ شاہدی نے کہاکہ ہم بھی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنا چاہتے تھے،پچ بیٹنگ کیلئے سازگار لگ رہی ہے،300رنز اس پچ پر اچھا اسکور ہوگا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے ایونٹ میں دو میچز کھیلے اور ایک میں کامیابی حاصل کی،افغانستان نے بھی ٹورنامنٹ میں اب تک دو میچز کھیلے اور دونوں میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔