کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں غزہ پر حملے کے خلاف فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر عاطف حفیظ نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر بدترین بمباری کی، نہتے شہریوں پر بارود برسا دیا گیا لیکن دنیا کی بڑی طاقتیں ان کی حمایت کرنے کے بجائے اسرائیل کی حمایت کر رہی ہیں۔ اسرائیل پر ہونے والے جھوٹے مظالم کی کہانیاں سنائی جا رہی ہیں۔ جبکہ ریلی میں کیمپس سیکیورٹی انچارج ڈاکٹر رستم زمان سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پاکستان نے 75 سال گزر جانے کے باوجود اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ ہم آج بھی اس کو ایک ناجائز ریاست سمجھتے ہیں ۔ لیگ آف نیشنز سے اقوام متحدہ تک تمام بین الاقوامی فورمز پر اسرائیل کے وجود پر سوالات موجود ہیں، اس کے باوجود فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف دنیا کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ پروفیسر عاطف حفیظ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے حق میں اٹھنے والی آواز نے اس جدوجہد کو توانائی بخشی ہے۔ پاکستان کے عوام بھی دل و جان سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، اس کے لیے جو وہ کر سکتے ہیں کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی حکومت بھی سرکاری سطح پر عوام کی آواز عالمی فورم پر اٹھائے۔ پروفیسر عاطف حفیظ نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں فلسطینی بھائیوں سےا ظہار یکجہتی کی یہ ریلی کسی پروفیشنل تعلیمی ادارے میں پہلی ریلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود صدائے احتجاج بلند نہیں کر رہی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے دنیا کی بڑی طاقتیں ایک ہیں۔ ریلی کا آغاز اوجھا کیمپس میں کالج آف فارمیسی سے کیا گیا جبکہ اختتام ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے صدر دروازے پر کیا گیا۔ اس مقام پر احتجاجی ریلی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس دوران ریلی کے شرکاء نے فلسطین کا 125پچیس فٹ طویل پرچم بھی لہرایا ۔ریلی کے راستے میں طلبا و طالبات نے لبیک لبیک یا اقصٰی، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، فلسطینیوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ و دیگر نعرے لگائے۔