میری ذاتی خواہش ہے الیکشن جلد سے جلد ہوں، اسد عمر

لاہور (اُمت نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ میری ذاتی خواہش ہے الیکشن جلد سے جلد ہوں، نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کا موقع دینا چاہیے اور پھر انکا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر فلسطین کے معاملے پر خاموش رہیں گے تو نگران حکومت کو باہر سے آشیرباد مل جائے گا تو یہ انکی غلط فہمی ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر اور پاکستان کو حق ملے تو ہر مظلوم کیلئے آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں کمی کی وجہ سے پٹرول کی قیمت ضرور نیچے آنی چاہیے تھی، پٹرول کی قیمت کم ہونے کا فائدہ اس وقت ہوگا جب کرائے اور باقی چیزوں کی قیمتیں کم ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں ملی، سب الیکشن کمیشن کے سامنے ہو رہا ہے، جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست عدالت میں ہے، انصاف یہ کہتا ہے کہ جلسے کی اجازت سب پارٹیوں کو ملنی چاہیے۔