آئس کریم ٹرکوں میں اب لاشیں رکھی جانے لگیں

غزہ(اُمت نیوز)اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے اب لاشوں کو آئس کریم ٹرکوں میں رکھا جانے لگا ہے۔

حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی میں صحت کے حکام نے اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی لاشوں کو آئس کریم فریزر ٹرکوں میں محفوظ کرنا شروع کردیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو آئس کریم ٹرکوں میں اس لئے رکھا جارہا ہے کہ اموات بہت زیادہ ہونے سے قبرستانوں میں جگہ کی کمی کا سامنا ہے اور شدید بمباری کی وجہ سے لاشوں کو اسپتالوں میں لے جانا بھی بہت خطرناک ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر شدید ترین بمباری کی جا رہی ہے۔

اسرائیل کی جنگی جرائم کی کھلی خلاف ورزی کے بعد غزہ میں بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

غزہ میں ہر جانب تباہی پھیلی ہوئی ہے، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔ فلسطینیوں کی بجلی منقطع کردی گئی ہے، خوراک اور ادویات کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے۔

جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کو شمالی غزہ خالی کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔