کولمبیا کا اسرائیلی سفیر کو معافی مانگ کر ملک چھوڑنے کا حکم

بگوٹا :  جنوبی امریکا  کے ملک کولمبیا نے اسرائیل حماس تنازع کے تناظر میں سفارتی بداخلاقی کا مظاہرہ کرنے پر اسرائیلی سفیر کو معافی مانگ کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔کولمبین وزیر خارجہ الوارو لیوا نے کہا کہ اسرائیلی سفیر گیلی دیگان کو کم از کم معافی مانگنی چاہئے اور پھر ملک چھوڑ دینا چاہئے، انہوں نے سفارتی بداخلاقی کا مظاہرہ کیا، انہیں شرم کرنی چاہئے۔

صدر پیٹرو نے اسرائیلی وزیر دفاع پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غزہ کے رہائشیوں کے بارے میں وہی زبان استعمال کررہے ہیں جو نازی یہودیوں کے بارے میں استعمال کرتے تھے، جمہوری لوگ نازی ازم کو دوبارہ عالمی سیاست میں منظم ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے۔سفیر دیگان نے اس موازنے پر کولمبیا کے صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور نامناسب باتیں بھی کیں۔واضح رہے کہ اسرائیل کولمبیا کو اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔