اسلام آباد: نگراں حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
نگران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی خواہش پر پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما شفقت محمود نے اپنی رہائش گاہ پران سے ملاقات کی۔
ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کیلیے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع کے اہتمام اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مفصل گفتگو کی گئی۔۔دورانِ ملاقات قومی سطح پر ہم آہنگی اور مفاہمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے، نہایت ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے خلافِ قاعدہ انتخابات عوامی سطح پر ساکھ اور قبولیت سے محروم رہیں گے.
ان کا کہنا تھا کہ فیئر ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے، قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار دستور کی بالادستی اور جمہوریت کے بقا و تسلسل پر ہے اور یہ قومی مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیرممکن نہیں۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دستور کے سائے میں انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
صدرمملکت سے سیکرiٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی ملاقات
علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔